پیر, فروری 10, 2025

پاکستان میں بجلی کے نظام کی جدید کاری کے لیے 20 کروڑ ڈالرز قرض کی منظوری

ایشیائی ترقیاتی بینک (ADB) نے پاکستان میں بجلی کے تقسیم نظام کو جدید بنانے کے لیے 20 کروڑ ڈالرز قرض کی منظوری دی ہے۔ اس قرض کا مقصد ملک میں بجلی کی قابلِ بھروسہ فراہمی کو یقینی بنانا اور بجلی کی ترسیلی نقصانات کو کم کرنا ہے۔ بینک کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اس امداد سے پاکستان کے تین بڑے ڈسکوز یعنی لیسکو، میپکو اور سیپکو کے انفرا اسٹرکچر میں بہتری لائی جائے گی، جس سے بجلی کی فراہمی میں استحکام اور کارکردگی میں بہتری آئے گی۔

منصوبے کے تحت جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے بجلی کے نقصانات میں نمایاں کمی کی جائے گی۔ اس سے نہ صرف بجلی کی فراہمی میں اضافہ ہوگا بلکہ کاروباری سرگرمیوں کو بھی آسانی ہوگی۔ منصوبے کے تحت 3 لاکھ 32 ہزار ایڈوانس میٹرز نصب کیے جائیں گے، جو صارفین کے بجلی کے استعمال کی نگرانی کریں گے اور گرڈ کی کارکردگی کے بارے میں حقیقی وقت میں ڈیٹا فراہم کریں گے۔

سیپکو کے چار 66 کلو واٹ کے گرڈ اسٹیشنز کو 132 کلو واٹ پر منتقل کرنے کے علاوہ، لیسکو میں 25 گرڈ اسٹیشنز کو جدید بنایا جائے گا۔ اس کے نتیجے میں تقسیم کے نظام کی کارکردگی میں بہتری آئے گی، جس سے نقصانات میں کمی اور بل کی وصولی میں اضافہ ہوگا۔

ایشیائی ترقیاتی بینک کا کہنا ہے کہ یہ منصوبہ پاکستان کے توانائی کے شعبے کی ترقی میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا، جس سے نہ صرف بجلی کے ترسیلی مسائل حل ہوں گے بلکہ ملک کی توانائی کی ضروریات بھی بہتر طریقے سے پوری کی جا سکیں گی۔

مزید پڑھیے

اہم ترین

ایڈیٹر کا انتخاب