منگل, فروری 11, 2025

چیمپئنز ٹرافی: حتمی فیصلہ کب ہوگا؟ نئی تاریخ کا اعلان

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے چیمپئنز ٹرافی کے معاملے پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) پر دباؤ برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق، چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی اور ہائبرڈ ماڈل کے حوالے سے حتمی فیصلہ 11 دسمبر بروز بدھ کو متوقع ہے۔

ذرائع کے مطابق، چیمپئنز ٹرافی ہائبرڈ ماڈل کے تحت منعقد ہونے کا قوی امکان ہے۔ یہ ماڈل نہ صرف چیمپئنز ٹرافی بلکہ دیگر بڑے ایونٹس جیسے ویمنز ورلڈ کپ اور 2026 کے ٹی20 ورلڈ کپ پر بھی لاگو ہوگا۔ 2027 تک بھارت میں ہونے والے تمام آئی سی سی ایونٹس کے لیے اسی فارمولے کو اپنانے پر غور کیا جا رہا ہے۔

پی سی بی نے اپنے مؤقف میں واضح کیا ہے کہ بھارت کا سیکیورٹی خدشات کا بہانہ بے بنیاد ہے۔ اگر بھارتی ٹیم پاکستان میں کھیلنے سے انکار کرتی ہے، تو پی سی بی بھی مستقبل میں کسی بھی آئی سی سی ایونٹ میں اپنی ٹیم کو بھارت نہ بھیجنے پر غور کرے گا۔

پاکستان اور بھارت کے کرکٹ بورڈز کے درمیان غیر رسمی مذاکرات میں اس بات پر بھی اتفاق ہوا ہے کہ ہائبرڈ ماڈل کو آئی سی سی کے ایونٹس کے لیے رسمی طور پر اپنایا جائے گا۔ پی سی بی نے مطالبہ کیا ہے کہ ان فیصلوں کو آئی سی سی کے ہوسٹ ایگریمنٹ کا حصہ بنایا جائے۔

واضح رہے کہ چیمپئنز ٹرافی 2025 میں فروری اور مارچ کے دوران پاکستان میں شیڈول ہے، لیکن بھارتی ٹیم کی شرکت کے حوالے سے تحفظات کی وجہ سے ایونٹ کا حتمی شیڈول تاحال طے نہیں ہو سکا۔ فیصلے کے بعد چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کے معاملات مزید واضح ہونے کی توقع ہے۔

مزید پڑھیے

اہم ترین

ایڈیٹر کا انتخاب