پیر, فروری 10, 2025

حکومت نجی شعبے کو معیشت میں فعال کردار کے لیے سپورٹ کرے گی: وزیر خزانہ

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بینکاروں کو چاہیے کہ دیوالیہ اداروں کی بحالی کو اولین ترجیح دیں اور عدالت سے رجوع کرنے سے قبل ان اداروں کے استحکام کے لیے اقدامات کریں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کاروبار میں شامل نہیں ہوگی بلکہ نجی شعبے کو فعال کرنے کے لیے مکمل تعاون فراہم کرے گی۔

وزیر خزانہ نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان نے جڑواں خساروں پر قابو پالیا ہے اور اب ملک میں مارکیٹ بیسڈ ایکسچینج ریٹ نافذ ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ملک کے زرمبادلہ کے ذخائر ڈھائی ماہ کی درآمدات کے لیے کافی ہیں، جو معیشت کے استحکام کی عکاسی کرتے ہیں۔

محمد اورنگزیب نے کہا کہ حکومت نجی شعبے کو معیشت کی ترقی میں اہم کردار ادا کرنے کے لیے حوصلہ افزائی کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت استحکام کی طرف گامزن ہے، اور حکومت نجی شعبے کے ساتھ مل کر مشاورت کے ذریعے آگے بڑھنا چاہتی ہے۔ وزیر خزانہ نے واضح کیا کہ وزارت زبردستی فیصلے مسلط نہیں کرے گی بلکہ نجی شعبے کے مشورے کو اہمیت دی جائے گی۔

تقریب سے خطاب میں چیئرمین سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) عاکف سعید نے کہا کہ دنیا بھر میں دیوالیہ اداروں کے لیے جدید قوانین متعارف کروائے جا چکے ہیں اور پاکستان کو بھی اپنے قوانین میں جدت لانے کی ضرورت ہے۔

یہ تقریب پاکستان کی معیشت کے استحکام اور نجی شعبے کے کردار کو مزید موثر بنانے کے لیے اہم قرار دی گئی۔

مزید پڑھیے

اہم ترین

ایڈیٹر کا انتخاب