دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں جاری انڈر 19 ایشیا کپ کے اہم میچ میں پاکستان نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے یو اے ای کو جیت کے لیے 315 رنز کا مشکل ہدف دیا ہے۔
پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 3 وکٹوں کے نقصان پر 314 رنز بنائے۔ اوپنر شاہزیب خان نے ایک بار پھر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منواتے ہوئے ایونٹ میں دوسری سنچری اسکور کی۔ شاہزیب نے 132 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی، جس میں 11 چوکے اور 6 شاندار چھکے شامل تھے۔ ان کے ساتھ محمد ریاض اللّٰہ نے بھی عمدہ بیٹنگ کی اور 106 رنز بنائے۔
دیگر بلے بازوں میں عثمان خان نے 41 رنز کی اننگز کھیلی، جب کہ فہام الحق 20 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ پاکستان کے بلے بازوں نے مخالف ٹیم کے باؤلرز کو کسی بھی موقع پر حاوی ہونے کا موقع نہیں دیا اور مقررہ اوورز میں بڑا اسکور ترتیب دیا۔
واضح رہے کہ پاکستان انڈر 19 ٹیم نے ایونٹ کا فاتحانہ آغاز کیا تھا، جہاں انہوں نے اپنے پہلے میچ میں روایتی حریف بھارت کو 43 رنز سے شکست دے کر شاندار کارکردگی دکھائی تھی۔
پاکستان کی ٹیم اب اس میچ میں اپنی شاندار بیٹنگ کارکردگی کو جیت میں بدلنے کی کوشش کرے گی، جب کہ یو اے ای کے لیے یہ ہدف حاصل کرنا ایک مشکل چیلنج ہوگا۔