منگل, فروری 11, 2025

پاکستان کے ہاتھوں شکست سے کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹیو نک ہوکلے مایوس

کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹیو نک ہوکلے نے پاکستان کے خلاف ون ڈے سیریز میں شکست پر گہرے مایوسی کا اظہار کیا ہے۔ نک ہوکلے نے اس حوالے سے کہا کہ پاکستان کے خلاف سیریز کا نتیجہ ہمارے لیے انتہائی مایوس کن ثابت ہوا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نوجوان اور نئے کھلاڑیوں کو انٹرنیشنل کرکٹ کا تجربہ فراہم کرنے کا یہ ایک بہترین موقع تھا، جسے استعمال کیا گیا، لیکن نتیجہ ہماری توقعات کے مطابق نہیں رہا۔

نک ہوکلے نے اعتراف کیا کہ ماضی میں کرکٹ آسٹریلیا کو تنقید کا سامنا کرنا پڑا ہے کیونکہ ٹیم انتظامیہ نے نوجوان کھلاڑیوں کو زیادہ مواقع نہیں دیے۔ انہوں نے کہا کہ اس بار تمام فارمیٹس کھیلنے والے کھلاڑیوں کو اہم سیریز جیسے کہ بارڈر-گواسکر ٹرافی کے لیے بہترین حالت میں رکھنے کا منصوبہ بنایا گیا تھا۔ اسی وجہ سے کچھ سینئر کھلاڑیوں کو آرام دیا گیا تھا تاکہ انہیں مزید اہم مقابلوں کے لیے فٹ رکھا جا سکے۔

اس شکست پر کرکٹ آسٹریلیا کو سابق کپتان مائیکل کلارک سمیت دیگر آسٹریلوی کرکٹرز کی جانب سے بھی شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ کئی سابق کھلاڑیوں نے پاکستان کے خلاف فیصلہ کن میچ میں پانچ سینئر کرکٹرز کو آرام دینے کے فیصلے کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور اسے غلط حکمت عملی قرار دیا۔

یاد رہے کہ تین میچوں کی ون ڈے سیریز میں پاکستان نے آسٹریلیا کو 1-2 سے شکست دی تھی، جس کے بعد کرکٹ آسٹریلیا کو اپنی حکمت عملی پر نظرثانی کرنے کی ضرورت پر زور دیا جا رہا ہے۔

مزید پڑھیے

اہم ترین

ایڈیٹر کا انتخاب