ایڈیلیڈ میں جاری تین میچوں کی ون ڈے سیریز کے دوسرے میچ میں آسٹریلیا کی پاکستان کے خلاف بیٹنگ جاری ہے، جس میں کینگروز نے 9 وکٹوں کے نقصان پر 146 رنز بنا لیے ہیں۔
ایڈیلیڈ کے میدان میں پاکستان کے کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ آسٹریلیا کی اننگز کا آغاز جیک فریسر مک گرج اور میتھیو شارٹ نے کیا، مگر دونوں اوپنرز کو شاہین شاہ آفریدی نے ابتدائی اوورز میں ہی پویلین بھیج دیا۔ جیک فریسر 13 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے جبکہ میتھیو شارٹ کو شاہین نے ایل بی ڈبلیو کیا۔
تیسری وکٹ پر جوش انگلس نے 18 رنز بنائے مگر وہ بھی حارث رؤف کا شکار بنے۔ حارث نے اپنی عمدہ باؤلنگ کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے مارنس لبوشین کو بھی جلد ہی پویلین کی راہ دکھائی۔ اس کے بعد محمد حسنین نے ایک اہم وکٹ حاصل کرتے ہوئے اسٹیو اسمتھ کو 35 رنز پر وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ کرایا۔
آسٹریلوی بیٹر ایرون ہارڈی اور گلین میکسویل بھی حارث رؤف کی زبردست باؤلنگ کے سامنے زیادہ دیر تک نہ ٹک سکے اور جلد ہی آؤٹ ہوگئے۔ مچل اسٹارک کو نسیم شاہ نے بولڈ کیا، جبکہ آسٹریلیا کے کپتان پیٹ کمنز حارث رؤف کے ہاتھوں پانچویں شکار بنے۔
میچ سے قبل ٹاس کے موقع پر محمد رضوان نے کہا کہ پاکستان کی وننگ پلیئنگ الیون میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔ دوسری جانب آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز نے بھی اپنی پہلی ون ڈے جیتنے والی ٹیم کو برقرار رکھا اور کہا کہ اگر ہم ٹاس جیتتے تو ہم بھی پہلے بولنگ کا انتخاب کرتے۔
واضح رہے کہ سیریز کے پہلے میچ میں آسٹریلیا نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان کو دو وکٹوں سے شکست دی تھی۔