پہلے ون ڈے میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 2 وکٹوں سے شکست دی۔ میلبرن میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلوی ٹیم نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی اور 204 رنز کا ہدف 34 ویں اوور میں 8 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
آسٹریلیا کی جانب سے جوش انگلیس نے 49 رنز اور اسٹیو اسمتھ نے 44 رنز بنائے، جبکہ کپتان پیٹ کمنز نے آخری لمحات میں اہم کردار ادا کرتے ہوئے ناقابل شکست 32 رنز کی اننگز کھیلی اور ٹیم کو فتح دلائی۔ پاکستان کے لیے حارث رؤف نے بہترین باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ شاہین شاہ آفریدی نے 2 اور نسیم شاہ اور محمد حسنین نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستانی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 203 رنز بنائے۔ اوپننگ میں قومی ٹیم کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، اور پہلی وکٹ محض 3 رنز پر گری جب مچل اسٹارک نے صائم ایوب کو 1 رن پر پویلین بھیج دیا۔ بعد میں، بابر اعظم نے 37 رنز کی اننگز کھیلی مگر ٹیم کی پوزیشن کو مستحکم نہ کر سکے۔ دیگر بلے بازوں میں کپتان محمد رضوان نے 44 اور شاہین آفریدی نے 24 رنز بنائے۔
آسٹریلوی باؤلنگ میں مچل اسٹارک نے 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ پیٹ کمنز اور ایڈم زمپا نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
پاکستانی ٹیم نے اس میچ میں 4 فاسٹ بولرز کے ساتھ میدان میں اترنے کا فیصلہ کیا تھا، جن میں شاہین آفریدی، نسیم شاہ، حارث رؤف اور محمد حسنین شامل تھے۔ دوسری جانب آسٹریلوی ٹیم میں پیٹ کمنز (کپتان)، مچل اسٹارک، اسٹیو اسمتھ، اور ایڈم زمپا شامل تھے۔
سیریز کا دوسرا میچ 8 نومبر کو ایڈیلیڈ اوول میں کھیلا جائے گا، جبکہ تیسرا اور آخری میچ 10 نومبر کو پرتھ میں ہوگا۔