انگلینڈ کی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان بین اسٹوکس کے گھر چوری کی واردات پیش آئی ہے۔ یہ چوری اس وقت ہوئی جب بین اسٹوکس پاکستان میں ٹیسٹ سیریز کے سلسلے میں موجود تھے۔ یہ واقعہ ان کے ڈرہم کاؤنٹی میں واقع رہائش گاہ پر پیش آیا، اور اس کے بعد بین اسٹوکس نے سوشل میڈیا پر عوام سے مدد کی اپیل کی۔
بین اسٹوکس نے بتایا کہ 17 اکتوبر کی شام چند نقاب پوش افراد ان کے گھر میں داخل ہوئے اور مختلف قیمتی اشیاء، جیولری، اور ذاتی استعمال کا سامان لے گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ چوری ہونے والے کچھ سامان سے ان کی اور ان کے اہل خانہ کی جذباتی وابستگی بھی تھی، جس کی وجہ سے ان کے لیے اس نقصان کو برداشت کرنا اور بھی مشکل ہے۔ بین اسٹوکس نے کہا کہ یہ پیغام انہوں نے صرف چوروں کو پکڑنے میں مدد کے لیے شیئر کیا ہے۔
انہوں نے اپنی پوسٹ میں مزید بتایا کہ چوری کے وقت ان کی اہلیہ دو چھوٹے بچوں کے ساتھ گھر میں موجود تھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ خوش قسمتی سے اہل خانہ کو جسمانی نقصان تو نہیں پہنچا، مگر اس واقعے نے انہیں ذہنی طور پر متاثر ضرور کیا ہے۔
بین اسٹوکس نے پولیس کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جب یہ واقعہ پیش آیا تو وہ پاکستان میں تھے، مگر پولیس نے ان کے اہل خانہ کو مکمل سپورٹ فراہم کی۔ پولیس اب بھی ان چوروں کی تلاش میں سرگرم ہے۔ بین اسٹوکس نے عوام سے درخواست کی کہ اگر کسی کے پاس کوئی معلومات ہیں تو وہ فوری طور پر ڈرہم کانسٹیبلری سے رابطہ کریں۔
انہوں نے چند چوری شدہ اشیاء کی تصاویر بھی جاری کی ہیں تاکہ عوام کی مدد سے چوروں کو پکڑا جا سکے۔