منگل, فروری 11, 2025

سیاحت کو فروغ دینا ملکی معیشت کے لیے فائدہ مند ہوگا: صدرِ مملکت آصف علی زرداری

صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے عالمی یوم سیاحت کے موقع پر ایک پیغام میں کہا ہے کہ سیاحت دنیا بھر میں مختلف ثقافتوں کے درمیان ہم آہنگی اور افہام و تفہیم کو فروغ دینے کا ایک بہترین ذریعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو قدرتی مناظر، پہاڑوں، صحراؤں اور خوبصورت ساحلی پٹی جیسے بے پناہ وسائل سے نوازا گیا ہے، جو ملکی اور غیر ملکی سیاحوں کے لیے بے حد پُرکشش ہیں۔ ان قدرتی وسائل کو بہتر طور پر پیش کر کے ہم سیاحت کو ملکی معیشت کے لیے فائدہ مند بنا سکتے ہیں۔

صدرِ مملکت نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان میں وادیٔ سندھ اور گندھارا کی تہذیبیں موجود ہیں، جو تاریخی اور ثقافتی لحاظ سے دنیا بھر کے سیاحوں کے لیے ایک منفرد تجربہ فراہم کرتی ہیں۔ سیاحوں کو ان مقامات کی جانب متوجہ کر کے نہ صرف ملکی آمدنی میں اضافہ کیا جا سکتا ہے بلکہ دنیا بھر میں پاکستان کا ایک مثبت اور ثقافتی امیج بھی ابھارا جا سکتا ہے۔

صدرِ مملکت کا مزید کہنا تھا کہ سیاحت کے فروغ کے لیے بنیادی ڈھانچے کی بہتری، سڑکوں کی تعمیر اور سیاحتی مقامات پر سہولیات کی فراہمی اہم ہے۔ ان اقدامات سے سیاحوں کی تعداد میں اضافہ ہوگا اور وہ پاکستان کے قدرتی حسن سے بہتر طور پر لطف اندوز ہو سکیں گے۔

انہوں نے میڈیا پر زور دیا کہ وہ پاکستان کی سیاحتی صلاحیت کو اُجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کرے۔ آخر میں صدرِ مملکت نے کہا کہ ہم ایک محفوظ اور قابلِ رسائی ماحول بنا کر زیادہ سے زیادہ سیاحوں کو پاکستان کی طرف راغب کر سکتے ہیں، جو ملکی معیشت کو مضبوط کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔

مزید پڑھیے

اہم ترین

ایڈیٹر کا انتخاب