فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ اسرائیل کو حماس کے خلاف اپنے دفاع کا حق حاصل ہے، لیکن غزہ میں جاری جنگ اب بہت زیادہ طول پکڑ چکی ہے۔ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 79 ویں سالانہ اجلاس میں خطاب کے دوران انہوں نے غزہ میں بڑی تعداد میں معصوم شہریوں کی بلا جواز ہلاکتوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔
صدر میکرون نے کہا کہ اب لبنان میں بڑھتی ہوئی کشیدگی خطے کے لیے سب سے بڑا خطرہ بن چکی ہے۔ انہوں نے اسرائیل اور حزب اللّٰہ دونوں سے مطالبہ کیا کہ وہ لبنان میں اقوام متحدہ کی قراردادوں کا احترام کریں۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ لبنان میں جنگ نہیں ہونی چاہیے اور نہ ہی اسے ہونے دیا جا سکتا ہے۔
فرانسیسی صدر نے مزید کہا کہ اسرائیل کو لبنان میں اپنے حملے روکنے چاہئیں اور حزب اللّٰہ کو بھی اسرائیل پر حملے بند کرنے چاہئیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ خطے میں امن و استحکام برقرار رکھنا انتہائی ضروری ہے۔ صدر میکرون نے سفارتی بات چیت اور مکالمے کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ کشیدگی میں کمی لائی جا سکے اور یہ تنازعہ مزید پھیلنے سے روکا جا سکے۔