پاکستان کے اسجد اقبال نے ورلڈ 6 ریڈ اسنوکر چیمپئن شپ کے فائنل میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جگہ بنا لی۔
منگولیا میں جاری اس چیمپئن شپ کے سیمی فائنل میں اسجد اقبال نے بھارت کے ملکیت سنگھ کو مکمل طور پر بے بس کر دیا اور مقابلہ 6-0 کے واضح فرق سے جیت لیا۔
اسجد نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے انڈین حریف کو بیسٹ آف الیون میں ایک بھی فریم جیتنے کا موقع نہیں دیا۔ پہلے فریم میں انہوں نے 49-18 سے کامیابی حاصل کی، جبکہ دوسرے فریم میں 38-34، تیسرے میں 46-13، چوتھے میں 40-31، پانچویں میں 52-13، اور آخری فریم میں 45-0 کے فرق سے میدان مارا۔ اسجد نے چھٹے فریم میں اسجد نے 40 کا بریک بھی اسکور کیا۔
ملکیت سنگھ اسجد اقبال کی عمدہ کارکردگی کے سامنے مکمل طور پر بے بس نظر آئے اور کوئی قابل ذکر بریک نہیں بنا سکے۔ اس شاندار فتح کے ساتھ اسجد فائنل میں پہنچ گئے۔
کوارٹر فائنل میں بھی اسجد اقبال نے قبرص کے مائیکل جارگیو کو 5-2 سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنائی تھی۔