امریکا میں مسلمانوں کی زیر قیادت چلنے والے واحد شہر کے مسلم میئر نے صدارتی انتخابات میں ڈونلڈ ٹرمپ کی حمایت کا اعلان کردیا۔
غیر ملکی ذرائع کے مطابق امریکی ریاست مشی گن کے شہر ہیمٹریمک کے میئر، عامر غالب نے صدارت کے لیے ریپبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق ہیمٹریمک امریکا کا واحد شہر ہے جہاں مسلم اکثریت کی قیادت ہے، اور میئر عامر غالب سمیت تمام انتظامیہ مسلمانوں پر مشتمل ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق نومبر میں ہونے والے امریکی صدارتی انتخابات میں ریاست مشی گن کو ایک اہم انتخابی میدان تصور کیا جا رہا ہے، اور ایسے میں میئر عامر غالب کی طرف سے ٹرمپ کی کھلی حمایت نے خاصی توجہ حاصل کی ہے۔
اپنے سوشل میڈیا پیغام میں میئر عامر غالب نے ٹرمپ کو ایک اصولی شخصیت اور بہتر انتخاب قرار دیا، حالانکہ ان کے اور ٹرمپ کے درمیان بعض معاملات پر اختلافات ہیں لیکن اس کے باوجود وہ ٹرمپ کی حمایت کرتے ہیں۔
میئر عامر غالب نے کہا کہ “ممکن ہے کہ میں اور ٹرمپ ہر معاملے پر متفق نہ ہوں، لیکن میں جانتا ہوں کہ وہ ایک اصولی انسان ہیں۔ چاہے وہ انتخابات جیتیں یا نہ جیتیں، مجھے یقین ہے کہ وہ اس وقت امریکی صدارت کے لیے بہترین انتخاب ہیں۔”
انہوں نے مزید کہا، “مجھے اس بات کی پرواہ نہیں کہ نتیجہ کیا نکلے گا، میں ہر صورتحال کے لیے تیار ہوں اور اپنے فیصلے پر کسی قسم کا افسوس نہیں کروں گا۔”
عامر غالب نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ “یہ ایک سفر کا آغاز ہے، اور ہمیں ایک نیا سفر شروع کرنے دینا چاہیے۔”
میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے میئر عامر غالب کے بیان کو پسند کیا اور اسے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر شیئر بھی کیا۔
ہیمٹریمک، جو کہ ریاست مشی گن میں واقع ہے، تقریباً 28 ہزار کی آبادی پر مشتمل ہے اور 2021 میں یہاں کی مکمل سٹی کونسل میں مسلمان اراکین منتخب ہونے کے بعد یہ شہر خبروں میں آیا تھا۔