منگل, فروری 11, 2025

جاپان کی ایک خاص کمپنی میں بلیاں اعلیٰ عہدوں پر فائز

آج کل دفاتر، کافی شاپس، ریسٹورنٹس، اور ہوٹلوں میں پالتو جانوروں کی موجودگی معمول کی بات ہے، لیکن جاپان کی ایک کمپنی میں بلیوں کو باقاعدہ اعلیٰ عہدوں پر ملازمت دی گئی ہے، جو واقعی حیران کن ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق، جاپان کی کمپنی “کیو نوٹ” میں بلیاں اعلیٰ عہدوں پر فائز ہیں۔ اس کمپنی نے 2004ء میں سوشی ریسٹورنٹ سے ایک بلی کو گود لیا، اور اب اس کمپنی میں 10 بلیاں ملازم ہیں جو آفس میں ہی رہتی ہیں۔ ان بلیوں کے لیے کمپنی نے خصوصی انتظامات بھی کیے ہیں۔

کمپنی میں بلیوں کے علاوہ 32 انسان بھی کام کرتے ہیں، اور انہیں بلیوں کی موجودگی پسند ہے۔ جب 2020ء میں کمپنی ایک بڑی 4 منزلہ عمارت میں منتقل ہوئی، تو انتظامیہ نے بلیوں کے لیے آرام دہ جگہ فراہم کرنے کے لیے پوری کوشش کی، بشمول عمارت کی دوسری اور تیسری منزل میں خصوصی تبدیلیاں کی گئیں۔

آفس میں بلیوں کے لیے 12 باتھ رومز اور کیٹ شیلفز بنائے گئے ہیں، اور دیواروں پر ایسا پینٹ کیا گیا ہے جو بلیوں کے پنجے مارنے سے خراب نہ ہو۔

بلیوں کو صرف پالتو جانور نہیں رکھا گیا بلکہ انہیں باقاعدہ اعلیٰ عہدوں پر بھی ملازمت دی گئی ہے، جیسے کہ چیف کلرک، منیجر، آڈیٹر، اور 20 سالہ فوتابا نامی بلی “چیئر کیٹ” کے عہدے پر فائز ہے، جو کمپنی کے باس نوبیوکی سوروتا سے بھی سینئر ہے۔

ابتدائی طور پر اس آفس میں 11 بلیاں تھیں، لیکن 2022ء میں ایک بلی کا انتقال ہو گیا تھا۔ اب 10 بلیوں میں سے 8 دفتر میں رہتی ہیں، جبکہ 2 بلیاں ایک ملازم کے گھر پر رہتی ہیں۔

یہ بلیاں کمپنی کے ملازمین کے درمیان تعلقات کو بہتر بنانے میں مدد کرتی ہیں، اور ملازمین ان کی دیکھ بھال اور صفائی کا خیال رکھتے ہیں۔

مزید پڑھیے

اہم ترین

ایڈیٹر کا انتخاب