وزیراعظم شہباز شریف نے ملک سے پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے خصوصی پولیو مہم کا آغاز کر دیا ہے۔
یہ 7 روزہ مہم آج سے شروع ہو کر 115 اضلاع میں 5 سال سے کم عمر کے 3 کروڑ بچوں کو پولیو ویکسین فراہم کرے گی۔ 9 سے 15 ستمبر تک جاری رہنے والی اس مہم میں 2 لاکھ 86 ہزار پولیو ورکرز حصہ لیں گے، جو گھر گھر جا کر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائیں گے۔
وزیراعظم نے مہم کا آغاز کرتے ہوئے بچوں کو پولیو کے قطرے بھی پلائے اور کہا کہ پاکستان سے پولیو کے خاتمے کے لیے حکومت کے ساتھ تعاون کرنے والوں کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ وفاقی حکومت صوبوں کے ساتھ مل کر پولیو کا خاتمہ کرے گی اور ملک سے پولیو کے مکمل خاتمے کا عزم ظاہر کیا۔
وزیراعظم نے وفاقی اور صوبائی عہدیداران، پولیو ورکرز، اور سیکیورٹی اہلکاروں کی انسداد پولیو کے لیے کی جانے والی کوششوں کو سراہا۔