پاکستانی ایتھلیٹ حیدر علی نے پیرالمپکس میں برانز میڈل جیت لیا۔
پیرس میں جاری پیرالمپک گیمز کے ڈسکس تھرو ایونٹ کی ایف 37 کیٹیگری میں حیدر علی نے 52.54 میٹر کی تھرو کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔
فائنل میں حیدر علی نے 52.28 میٹر کی شاندار تھرو سے آغاز کیا، تاہم دوسری تھرو فاؤل قرار دی گئی۔ ابتدائی دو راؤنڈز میں وہ پہلے نمبر پر رہے، لیکن بعد میں تین تھرو فاؤل ہو گئیں، جس کے باعث ازبکستان اور کینیڈا کے ایتھلیٹس نے پہلی اور دوسری پوزیشن حاصل کر لی۔
حیدر علی نے آخری تھرو میں 52.54 میٹر کا فاصلہ عبور کیا، لیکن ازبک اور کینیڈین ایتھلیٹس سے آگے نہیں بڑھ سکے اور تیسرے نمبر پر رہے۔
ازبکستان کے ٹولیبائے نے 57.28 میٹر کی تھرو کے ساتھ گولڈ میڈل جیتا، کینیڈا کے جیسی زیسیو نے چاندی کا تمغہ حاصل کیا، جبکہ حیدر علی نے برانز میڈل اپنے نام کیا۔
یہ حیدر علی کا پیرالمپکس میں چوتھا میڈل ہے، اس سے قبل انہوں نے ٹوکیو پیرالمپکس میں گولڈ میڈل جیتا تھا۔
پیرالمپکس میں 4,400 ایتھلیٹس 23 مختلف کھیلوں میں حصہ لے رہے ہیں، اور حیدر علی پاکستان کی نمائندگی کرنے والے واحد ایتھلیٹ ہیں۔