ماسکو نے انتباہ کیا ہے کہ اگر یوکرین کی جنگ عالمی تنازعہ میں تبدیل ہوئی تو امریکا بھی اس سے محفوظ نہیں رہے گا۔
روس کے سفیر اناطولی انطونوف نے کہا کہ امریکا غلط فہمی میں ہے کہ وہ یوکرین کے ذریعے یورپ کو روس کے ساتھ لڑوا کر خود الگ تھلگ رہ سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکا یوکرینی فوج کی طرف سے روسی شہریوں اور قیدیوں پر تشدد کو نظر انداز کر رہا ہے۔ امریکی میزائلوں کے ذریعے یوکرینی فوج کے روسی اہداف کو نشانہ بنانے کی بات کی جا رہی ہے، مگر یوکرینی فوج کے روس کے شہر کرسک اور بلگورود میں شہریوں، اسپتالوں اور پلوں کو نشانہ بنانے کا ذکر نہیں ہو رہا۔
روسی سفیر نے مزید کہا کہ جدید اسلحہ، جنگی طیارے، طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائل یا کرائے کے فوجی کچھ بھی کر لیں، جنگی صورتحال نہیں بدلے گی۔ روس چیلنجز کا سامنا کرے گا اور اپنے مشن کو مکمل کرے گا۔