خیبرپختونخوا میں پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے قائم کردہ گڈ گورننس کمیٹی کے رکن قاضی انور ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ اڈیالہ جیل میں عمران خان پر تشدد کیا جا رہا ہے۔
قاضی انور نے عمران خان سے ملاقات کے حوالے سے بتایا کہ اسلام آباد جلسے کو بانی پی ٹی آئی نے منسوخ کیا، مگر ایسا تاثر دیا جا رہا ہے کہ یہ جلسہ کسی دوسرے کے کہنے پر ملتوی کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ جب انہوں نے جیل میں عمران خان سے جلسے کی منسوخی کے بارے میں سوال کیا، تو جیل انتظامیہ نے سیاسی سوالات کرنے سے روک دیا، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ عمران خان پر جیل میں تشدد کیا جا رہا ہے۔
قاضی انور نے مزید بتایا کہ گڈ گورننس کمیٹی کا نام تبدیل کر کے “پی ٹی آئی انٹرنل اکاؤنٹیبلٹی کمیٹی” رکھا جائے گا۔ کمیٹی کے لیے ایک سیکرٹریٹ قائم کیا جائے گا، جہاں کسی بھی وزیر یا افسر کے خلاف شکایات درج کی جا سکیں گی، اور کمیٹی کی ویب سائٹ بھی ہوگی جہاں شکایات فراہم کی جا سکیں گی۔