وزیراعظم شہباز شریف نے بلوچستان کے موسیٰ خیل میں دہشتگردی کے واقعے کی سخت مذمت کرتے ہوئے فوری تحقیقات کا حکم دیا ہے۔ انہوں نے شہداء کے لیے دعائے مغفرت اور لواحقین کے لیے صبر کی دعا کی۔
وزیراعظم نے مقامی انتظامیہ کو ہدایت دی ہے کہ لواحقین کو مکمل تعاون فراہم کریں اور زخمیوں کو فوری طبی امداد دی جائے۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو واقعے کی تحقیقات مکمل کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ ملک میں دہشتگردی کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور دہشتگردوں کو سزا دی جائے گی۔ انہوں نے دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک جنگ جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی موسیٰ خیل میں دہشتگردی کی شدید مذمت کی اور کہا کہ دہشتگردوں نے معصوم لوگوں کو نشانہ بنا کر سفاکیت کا مظاہرہ کیا ہے۔ انہوں نے دہشتگردوں اور سہولت کاروں کے عبرتناک انجام کا اعلان کیا۔