وزیر خارجہ اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان کی سرخ لائن ملکی سلامتی اور سیکیورٹی اداروں پر حملے ہیں؛ کوئی بھی انہیں عبور کرے گا تو قانون کارروائی کرے گا۔
داتا دربار لاہور کے توسیعی کام کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کا خاتمہ ملکی استحکام کے لیے ضروری ہے، اور ملک کو معاشی قوت بنانے کے لیے کوششیں جاری ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ 2017 میں عدم استحکام نہ ہوتا تو پاکستان آج معیشت میں بہتر مقام پر ہوتا، اور موجودہ مشکلات کا حل تلاش کیا جائے گا۔
اسحاق ڈار نے پی ٹی آئی کے جلسے کی منسوخی کا فیصلہ کمشنر اسلام آباد کا اختیار قرار دیا اور کہا کہ جلسے ایسے دن کیے جائیں جب عوام کو مشکلات نہ ہوں۔ انہوں نے پیپلز پارٹی اور وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں مسائل کے حل کی امید بھی ظاہر کی۔