بلوچستان کے ضلع پشین میں پولیس لائن کے قریب بازار میں ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں 2 بچے ہلاک اور 14 افراد زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی اور اس کے باعث قریبی گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی جبکہ دیگر گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔ پولیس نے تصدیق کی ہے کہ دھماکے میں 2 بچے جاں بحق اور 14 افراد زخمی ہوئے ہیں، جن میں 4 پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔
پولیس نے بتایا کہ 13 زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد کوئٹہ منتقل کردیا گیا ہے جبکہ ایک زخمی اور 2 بچوں کی میتیں پشین اسپتال میں ہیں۔ دھماکے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا۔
پولیس نے علاقے کو گھیر لیا ہے اور دھماکے کی نوعیت کا پتہ لگانے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔