ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کے چارٹر کے تحت ایران کو اپنی سلامتی اور علاقائی سالمیت کا دفاع کرنے کا حق حاصل ہے، لہٰذا ایران سے تحمل کی توقع کرنا غیر معقول ہے۔
انہوں نے ہفتہ وار بریفنگ میں کہا کہ غزہ جنگ بندی ایران کے اسرائیل کے جواب سے مربوط نہیں ہے، بلکہ ایران جنگ بندی کے معاہدے کا مسلسل خیرمقدم کرتا آیا ہے اور اسے بین الاقوامی مطالبہ قرار دیتا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ ایران غزہ میں جنگ روکنے کا سب سے بڑا بین الاقوامی حامی ہے اور دیگر ممالک کی کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیل نے ایرانی سرزمین پر دہشتگردانہ حملہ کرکے اسماعیل ہنیہ کو نشانہ بنایا، جو غزہ جنگ بندی کے لیے مذاکراتی رہنما تھے۔