بھارتی شہر کلکتہ میں خاتون ٹرینی ڈاکٹر کی وحشیانہ عصمت دری اور قتل کے خلاف ملک بھر میں ڈاکٹروں کا احتجاج جاری ہے۔
مختلف شہروں میں طبی خدمات احتجاجاً بند کر دی گئی ہیں، اور بھارتی ڈاکٹروں کی ایسوسی ایشن نے آج 24 گھنٹے کے لیے ضروری خدمات کے علاوہ تمام کام بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔
بی جے پی اور دیگر سیاسی جماعتیں بھی شہر میں احتجاج کر رہی ہیں۔
خاتون ڈاکٹر کے قتل کی تحقیقات جاری ہیں، اور بھارتی سی بی آئی نے کالج کے 4 ڈاکٹروں اور سابق پرنسپل کو تفتیش کے لیے طلب کر لیا ہے۔
یاد رہے کہ ایک ہفتہ قبل کلکتہ میں ایک 31 سالہ خاتون ٹرینی ڈاکٹر کی لاش میڈیکل کالج کے کمرے سے ملی تھی۔ پوسٹ مارٹم میں زیادتی کی تصدیق ہوئی تھی، جس کے بعد مختلف اسپتالوں کے ڈاکٹروں نے کام چھوڑ دیا تھا اور بڑے پیمانے پر مظاہرے کیے گئے تھے۔