شیر افضل مروت کی بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان سے ملاقات ہوگئی۔
اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیر افضل مروت نے بتایا کہ آج تین ماہ کے بعد بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ جب میں نے عمران خان سے ہاتھ ملایا تو انہوں نے مجھے گلے لگا لیا۔
شیر افضل مروت کے مطابق ملاقات کے دوران دونوں نے ایک دوسرے کے گلے شکوے سنے اور بات چیت کی۔
یاد رہے کہ اس سے قبل بانی پی ٹی آئی نے کئی بار شیر افضل مروت سے ملاقات سے انکار کر دیا تھا۔
ذرائع کے مطابق شیر افضل مروت اڈیالہ جیل کے کانفرنس روم کے قریب ایک کمرے میں پہنچے تھے، لیکن جب عمران خان کو ملاقات کی فہرست دی گئی تو انہوں نے ملاقات سے انکار کر دیا تھا۔
اس کے بعد پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے شیر افضل مروت کی بنیادی رکنیت معطل کر دی تھی۔
شیر افضل مروت کو بھیجے گئے نوٹس میں کہا گیا تھا کہ آپ نے شوکاز نوٹس کا اطمینان بخش جواب نہیں دیا اور پارٹی رہنماؤں کے خلاف دیے گئے بیانات کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔ نوٹس میں مزید کہا گیا کہ آپ نے بانی پی ٹی آئی کی ہدایات کو نظرانداز کیا اور ملاقاتوں کے حوالے سے پارٹی گائیڈ لائنز کی خلاف ورزی کی۔
پارٹی رکنیت کی معطلی پر شیر افضل مروت نے کہا تھا کہ میری رکنیت کی معطلی سے کوئی فرق نہیں پڑے گا، میں بانی پی ٹی آئی کے ساتھ ہوں اور پارٹی رکنیت کے خاتمے سے مجھے کوئی فرق نہیں پڑتا۔