بانی پی ٹی آئی عمران خان کی سہولت کاری کے الزام میں سابق ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کا نیٹ ورک بے نقاب ہو گیا۔
ذرائع کے مطابق عمران خان کو جیل میں مبینہ سہولت فراہم کرنے کے شبہے میں اڈیالہ جیل کے مزید دو افسران سے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ ان افسران میں سابق ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ ظفر اور اسسٹنٹ ناظم شامل ہیں، جو کہ سابق ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ محمد اکرم کے قریب سمجھے جاتے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ محمد اکرم سے حاصل معلومات کے بعد مزید چھ ملازمین سے تفتیش کی جائے گی، جن میں ان کے دو اردلی، تین وارڈر، اور ایک ہیڈ وارڈر شامل ہیں۔ یہ تمام ملازمین محمد اکرم کے قریبی ساتھی سمجھے جاتے ہیں۔
مزید یہ کہ محمد اکرم کے یورپی ممالک کے نمبروں پر واٹس ایپ کے استعمال کے شواہد بھی سامنے آئے ہیں۔ محمد اکرم کو پی ٹی آئی رہنما ذلفی بخاری اور ایک سابق صوبائی وزیر کے قریب تصور کیا جاتا ہے۔
محمد اکرم پر بانی پی ٹی آئی کے لیے پیغام رسانی اور سہولت کاری کا الزام ہے۔ وہ مجموعی طور پر 15 سال سے زائد عرصے سے اڈیالہ جیل میں تعینات رہے ہیں۔ جیل انتظامیہ کی میٹنگ آج بانی پی ٹی آئی کو خلاف ضابطہ سہولیات فراہم کرنے کے معاملے پر متوقع ہے۔