بگ بیش لیگ کے جنرل مینیجر الیسٹر ڈوبسن نے کہا ہے کہ جنوبی ایشیا کے کھلاڑی بگ بیش لیگ کا اہم حصہ ہیں، اور فاسٹ بولر حارث رؤف اس کی بہترین مثال ہیں۔ ہم اس بات کے منتظر ہیں کہ وہ اس سال بھی لیگ کا حصہ ہوں گے۔
میلبرن میں آن لائن پریس کانفرنس کے دوران سوالات کے جواب دیتے ہوئے الیسٹر ڈوبسن نے کہا کہ حارث نے بی بی ایل میں میلبرن اسٹارز کی طرف سے کھیل کر اپنی صلاحیتوں کو منوایا، اور ہم انہیں دوبارہ لیگ میں دیکھنے کے منتظر ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ جنوبی ایشیا کے کھلاڑی بگ بیش لیگ میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، اور حارث رؤف اس کی سب سے نمایاں مثال ہیں۔ بی بی ایل کی مختلف کلبوں میں اس خطے کے کھلاڑی شامل ہوتے رہتے ہیں، جو اپنی مہارت سے مقامی فینز کی توجہ حاصل کرتے ہیں۔ مجھے امید ہے کہ آئندہ سیزن میں بھی بڑی تعداد میں اس خطے کے کھلاڑی لیگ کا حصہ ہوں گے۔
جنرل مینیجر نے بتایا کہ بی بی ایل کا ڈرافٹ اگلے دو ہفتوں میں ہوگا، جس میں بہت سے کھلاڑی نامزد ہوں گے، اور بی بی ایل کی کلبیں اس وقت اپنی ٹیموں کو مضبوط بنانے کی منصوبہ بندی میں مصروف ہیں۔