اسرائیلی فوج نے غزہ کے علاقے الدراج میں ایک اسکول پر حملہ کرکے مزید 100 فلسطینیوں کو شہید کردیا ہے، جبکہ قطر، مصر، اور امریکا حماس پر اسرائیل کے ساتھ مذاکرات کے لیے دباؤ ڈال رہے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق، اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے مذاکرات کی تجویز پر آمادگی ظاہر کی ہے اور اعلان کیا ہے کہ اسرائیلی وفد 15 اگست کو مذاکرات میں شریک ہوگا۔
قطر، مصر، اور امریکا کے مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ مذاکرات 15 اگست سے شروع ہوں گے، جو دوحا یا قاہرہ میں منعقد ہو سکتے ہیں، اور اب کسی بھی فریق کے لیے عذر پیش کرنے کی کوئی ضرورت نہیں۔
خبر ایجنسی کے مطابق، قطر، مصر، اور امریکا اسرائیل اور حماس پر 15 اگست سے جنگ بندی کے مذاکرات شروع کرنے کا دباؤ ڈال رہے ہیں، لیکن فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس نے اس پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔
دوسری جانب، مشرقی غزہ کے علاقے الدراج میں اسرائیلی حملے میں فلسطینی پناہ گزین اسکول پر حملے میں 100 سے زائد فلسطینی شہید اور درجنوں زخمی ہو گئے۔
اسرائیل نے فجر کی نماز کے دوران اسکول پر حملہ کیا اور دعویٰ کیا کہ یہ اسکول حماس کا ہیڈ کوارٹر تھا جہاں دہشت گرد موجود تھے۔
یاد رہے کہ گزشتہ برس اکتوبر سے جاری غزہ پر اسرائیلی حملوں میں اب تک 39 ہزار 700 فلسطینی شہید اور 91 ہزار 700 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔