اولمپکس میں شرکت کرنے والے بھارتی ریسلر انتم پنگھل اور ان کی ٹیم کو پیرس سے بے دخل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق، انتم پنگھل کی بہن کو ان کے ایکریڈیشن کارڈ کے غلط استعمال پر سیکیورٹی نے پکڑ لیا۔ انتم نے اپنی بہن کو گیمز ویلج بھیجا تھا تاکہ وہ ان کا سامان واپس لے آئے، لیکن سیکیورٹی افسر نے انہیں پکڑ لیا۔
رپورٹس کے مطابق، ایکریڈیشن کارڈ کسی کو دینا ایک بڑی ڈسپلنری خلاف ورزی ہے، جس کے نتیجے میں ریسلر اور ان کی ٹیم کو ڈی پورٹ کیا جا رہا ہے۔ بھارتی اولمپک ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ یہ اقدام ڈسپلنری خلاف ورزی پر اٹھایا گیا ہے، لیکن ڈسپلنری خلاف ورزی کی تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق، واپسی کے دوران پکڑی جانے والی بہن کو پولیس اسٹیشن لے جایا گیا اور انتم پنگھل کو پولیس نے بیان ریکارڈ کرانے کے لیے بلایا۔ انتم کے ذاتی سپورٹ اسٹاف نے بھی ایک مرتبہ ٹیکسی ڈرائیور کو ادائیگی نہیں کی تھی، جس پر ڈرائیور نے پولیس کو طلب کر لیا تھا۔