پیر, فروری 10, 2025

اولمپکس سے نااہل ہونے والی بھارتی خاتون ریسلر وینیش پھوگٹ نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔

پیرس اولمپکس 2024 سے وزن کی وجہ سے نااہل ہونے والی بھارتی ریسلر ونیش پھوگاٹ نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر پیغام شیئر کرتے ہوئے ونیش پھوگاٹ نے پیرس اولمپکس کے فائنل میں پہنچ کر نااہل ہونے پر اپنی قوم سے معذرت کی۔

اپنی پوسٹ میں مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے لکھا، “ماں کشتی جیت گئی، میں ہار گئی، مجھے معاف کریں۔”

قوم کی ان سے وابستہ امیدیں ٹوٹنے پر انہوں نے اپنے غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا، “آپ کے خواب اور میری ہمت سب ٹوٹ چکے ہیں، اب مجھ میں مزید طاقت نہیں ہے، الوداع ریسلنگ 2001 سے 2024 تک کا سفر یہاں ختم ہوا۔”

ونیش پھوگاٹ نے اپنے پیغام کے آخر میں لکھا، “میں آپ سب کی مقروض ہوں، مجھے معاف کریں۔”

واضح رہے کہ اس سے قبل ونیش پھوگاٹ نے کھیلوں کی عالمی عدالت سے رابطہ کیا تھا۔

ونیش پھوگاٹ کو بدھ کی صبح اوور ویٹ ہونے کی وجہ سے فائنل سے قبل نااہل قرار دیا گیا تھا۔ بھارت کی اسٹار ریسلر ونیش پھوگاٹ کو محض 100 گرام وزن زیادہ ہونے کی وجہ سے پیرس اولمپکس میں طلائی تمغے کے مقابلے کے لیے نااہل قرار دیا گیا، جبکہ منگل کو ہونے والے مقابلوں سے قبل ونیش کا وزن حد کے اندر تھا۔

قوانین کے مطابق، نااہل ہونے والے ایتھلیٹس پوزیشن میں آخری نمبر پر چلے جاتے ہیں۔

مزید پڑھیے

اہم ترین

ایڈیٹر کا انتخاب