ہفتہ, مئی 3, 2025

حکومت معیشت سنوار رہی ہے، آرمی چیف شانہ بشانہ کھڑے ہیں، وزیر اطلاعات

اسلام آباد:وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ ملک کی معیشت کی بحالی کے سفر میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر حکومت کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور اس حوالے سے ان کا تعاون انتہائی قابل تحسین ہے۔

مسلم لیگ (ن) یوتھ ونگ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عطا تارڑ نے پاکستان تحریک انصاف اور خیبرپختونخوا حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ “ہم 28 مئی والے ہیں، 9 مئی والے نہیں۔” انہوں نے کہا کہ 9 مئی کو ریاستی اداروں اور شہدا کی یادگاروں پر حملہ کرنے والوں نے محض اپنی سیاست کی خاطر ملکی سلامتی اور قومی جذبات کو نقصان پہنچایا۔

انہوں نے کہا کہ کیپٹن کرنل شیر خان شہید کے مجسمے کی توہین کرنے والے کسی صورت محب وطن نہیں ہو سکتے، کیونکہ جنہوں نے اپنی جان ملک کے دفاع کے لیے قربان کی، ان کی توہین دراصل پوری قوم کی توہین ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں نے صوابی میں کیپٹن شیر خان شہید کے مزار پر حاضری دی اور ان کے اہل خانہ سے ملاقات کر کے تعزیت و معذرت کی۔

عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی خیبرپختونخوا حکومت 11 برسوں میں انسداد دہشت گردی کے لیے سی ٹی ڈی ہیڈکوارٹرز اور فارنزک لیبارٹری جیسی بنیادی سہولیات فراہم نہ کر سکی، جبکہ پشاور دھماکوں کے شواہد آج بھی تجزیے کے لیے لاہور بھیجے جا رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ این ایف سی ایوارڈ کے تحت خیبرپختونخوا کو ملنے والے اربوں روپے کا ضیاع ایک بدترین مثال ہے، جو صوبے کے عوام کے ساتھ ناانصافی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی اندرونی گروپ بندی کا شکار ہو چکی ہے اور یہ جماعت نہ ملک سے مخلص ہے اور نہ اپنے کارکنان سے۔

وفاقی وزیر نے دعویٰ کیا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں ملکی معیشت نے بحالی کی راہ پر پیشرفت کی ہے اور آج بین الاقوامی ادارے بھی پاکستان کی معیشت کے استحکام کی تعریف کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عالمی اعتماد کی بحالی کا ثبوت پاکستان میں شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) کے اجلاس کا انعقاد اور چیمپئنز ٹرافی جیسے بڑے ایونٹس کی میزبانی ہے۔

آخر میں انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ مسلم لیگ (ن) کا پیغام گھر گھر پہنچائیں اور ملک کی ترقی کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔

مزید پڑھیے

اہم ترین

ایڈیٹر کا انتخاب