اسلام آباد: قومی اسمبلی کے ارکان کی تنخواہوں میں اضافہ کر دیا گیا ہے، جس کے بعد ہر رکن اسمبلی کی ماہانہ تنخواہ 5 لاکھ 19 ہزار روپے مقرر کر دی گئی ہے۔ قومی اسمبلی ذرائع کے مطابق یہ اضافہ وفاقی سیکریٹری کے پے اسکیل کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے اراکین کی تنخواہ میں اضافے کے حکم نامے پر دستخط کر دیے ہیں۔ اس فیصلے کے تحت اراکین پارلیمنٹ کو وہی مراعات اور سہولیات دی جائیں گی جو ایک وفاقی سیکریٹری کو حاصل ہوتی ہیں۔
پارلیمانی ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی کی فنانس کمیٹی نے اسپیکر ایاز صادق کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس میں اس اضافے کی متفقہ منظوری دی۔ فنانس کمیٹی نے اراکین قومی اسمبلی (ایم این ایز) اور سینیٹرز کی تنخواہ 5 لاکھ 19 ہزار روپے مقرر کرنے کا فیصلہ کیا، جو وفاقی سیکریٹری کے مساوی ہوگی۔
مزید بتایا گیا ہے کہ اس سے قبل اراکین پارلیمنٹ نے اپنی تنخواہ 10 لاکھ روپے ماہانہ کرنے کا مطالبہ کیا تھا، تاہم اسپیکر ایاز صادق نے اس تجویز کو مسترد کر دیا اور تنخواہ میں متوازن اضافے کو ترجیح دی۔
تمام ضروری کٹوتیوں کے بعد وفاقی سیکریٹری کی موجودہ ماہانہ تنخواہ اور الاؤنسز بھی 5 لاکھ 19 ہزار روپے ہیں، جس کی بنیاد پر اراکین پارلیمنٹ کی تنخواہ میں یہ اضافہ کیا گیا ہے۔ اس فیصلے کے بعد اراکین اسمبلی کو مزید سہولیات بھی حاصل ہوں گی، جو سرکاری افسران کے مساوی ہوں گی۔
یہ اقدام ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب ملک میں معاشی صورتحال چیلنجز کا شکار ہے، اور عوامی سطح پر حکومتی اخراجات میں کمی کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔