منگل, فروری 11, 2025

وزیرِاعظم شہباز شریف نے ایک بار پھر پی ٹی آئی کو مذاکرات کی پیشکش کر دی

اسلام آباد: وزیرِاعظم شہباز شریف نے ایک بار پھر پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کو مذاکرات کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت مذاکرات کے لیے ہر وقت تیار ہے، لیکن پی ٹی آئی خود اس عمل سے گریز کر رہی ہے۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِاعظم نے کہا کہ اگر پی ٹی آئی سنجیدہ ہے تو وہ مذاکرات کی میز پر آئے، حکومت ان کے ساتھ بات چیت کے لیے مکمل طور پر تیار ہے اور اس مقصد کے لیے ہاؤس کمیٹی بنانے پر بھی آمادہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے نیک نیتی کے ساتھ پہلے بھی مذاکرات کیے، لیکن پی ٹی آئی نے کوئی واضح مطالبات پیش نہیں کیے۔ ہماری کمیٹی نے ان سے کہا تھا کہ اپنے تحریری مطالبات دیں، تاکہ ان پر سنجیدگی سے غور کیا جا سکے۔

وزیرِاعظم شہباز شریف نے کہا کہ حکومت نے مذاکرات کے لیے ہر ممکن سازگار ماحول فراہم کیا، کھلے دل کے ساتھ بات چیت کی، لیکن دوسری طرف سے سنجیدہ ردعمل دیکھنے کو نہیں ملا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے اجتماعی کوششیں ضروری ہیں، اور ان شاء اللہ ملک کو آگے لے جانے کا خواب ضرور پورا ہو گا۔

مزید برآں، وزیرِاعظم نے اسٹیٹ بینک کی جانب سے شرحِ سود میں ایک فیصد کمی کے اعلان کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ معیشت کے استحکام کے لیے ایک مثبت قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو آگے بڑھانے کے لیے تمام فریقین کو مل کر کام کرنا ہوگا۔

انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ حکومت انسانی اسمگلنگ جیسے سنگین جرائم کے خاتمے کے لیے مزید سخت اقدامات کر رہی ہے، تاکہ ملک کا عالمی سطح پر امیج متاثر نہ ہو۔

مزید پڑھیے

اہم ترین

ایڈیٹر کا انتخاب