پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) خیبر پختونخوا کے نئے صدر جنید اکبر خان نے کارکنوں کو ہدایت کی ہے کہ جلسے کے اخراجات کے لیے وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا سے مالی معاونت لینے کے بجائے خود فنڈ اکٹھا کریں۔
اپنے ایک بیان میں جنید اکبر خان نے کہا کہ بانیٔ پی ٹی آئی کی ہدایت پر 8 فروری کو صوابی میں جلسہ منعقد کیا جائے گا، جس کے لیے تمام انتظامات کارکنوں کو خود کرنے ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ جلسہ پارٹی اور کارکنوں کا ہے، لہٰذا اس کے لیے مالی تعاون بھی سب کو خود فراہم کرنا ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا کے وزیرِ اعلیٰ علی امین گنڈاپور ہمیشہ پارٹی کارکنوں اور تمام ونگز کی مکمل حمایت کرتے رہے ہیں۔ تاہم، اب وقت آگیا ہے کہ کچھ طریقہ کار بدلے جائیں اور پارٹی کو زیادہ خودمختار اور منظم انداز میں چلایا جائے۔
جنید اکبر خان نے دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی سے اس کا مینڈیٹ چھینا گیا اور پارٹی پر بے بنیاد الزامات عائد کیے جاتے رہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کے ہر ایم این اے کے زیر انتظام 70 سے زائد ویلیج کونسلز موجود ہیں، اس لیے جلسے کے لیے گاڑیوں اور دیگر انتظامات کرنا کوئی مشکل بات نہیں۔
پی ٹی آئی خیبر پختونخوا کے صدر کا کہنا تھا کہ تمام کارکن اپنی ذمہ داری کو سمجھیں اور جلسے کے انعقاد میں مکمل تعاون کریں، کیونکہ یہی حقیقی پارٹی ورکرز کی پہچان ہے۔