منگل, فروری 11, 2025

مریم نواز عوامی خدمت میں مصروف ہیں، مذاکرات کا شوق آپ لوگوں کو تھا: عظمیٰ بخاری

وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز عوامی خدمت میں مصروف ہیں، جبکہ مذاکرات کا شوق پی ٹی آئی رہنماؤں کو تھا۔ انہوں نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما بیرسٹر سیف کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ نواز شریف اور مریم نواز کے بغیر پی ٹی آئی کی سیاست مکمل نہیں ہوتی۔

عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کا “سرٹیفائیڈ کرپٹ” لیڈر اور اس کا خاندان این آر او کے حصول کے لیے کوشاں ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اڈیالہ جیل میں قید رہنما کو 9 مئی اور 26 نومبر کی بغاوتوں کا حکم نواز شریف نے نہیں دیا تھا، بلکہ یہ تمام کارروائیاں خود پی ٹی آئی قیادت کی منصوبہ بندی کا نتیجہ تھیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ جو لوگ 9 مئی کے واقعات میں ملوث تھے اور توشہ خانہ سے چوری کے الزامات کا سامنا کر رہے ہیں، وہ آج بھی این آر او حاصل کرنے کے لیے خفیہ راستے تلاش کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر محمد علی سیف نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ نواز شریف اور مریم نواز مذاکرات کی ناکامی کے مشن میں کامیاب ہو چکے ہیں اور یہ ہدف عرفان صدیقی کو سونپا گیا تھا۔ بیرسٹر سیف نے مزید کہا کہ رانا ثناء اللہ اور عرفان صدیقی کے بیانات نے حکومت کی غیر سنجیدگی کو واضح کر دیا، جبکہ جوڈیشل کمیشن نہ بنانے کا فیصلہ اس بات کا ثبوت ہے کہ حکومت خود کسی نہ کسی چیز کو چھپانے کی کوشش کر رہی ہے۔

مزید پڑھیے

اہم ترین

ایڈیٹر کا انتخاب