منگل, فروری 11, 2025

پاکستان بحریہ کے جہاز ’یمامہ‘ کا سعودی عرب کا دورہ، دو طرفہ مشق میں شرکت

پاکستان بحریہ کے جہاز ’پی این ایس یمامہ‘ نے سعودی عرب کے شہر جدہ کا دورہ کیا اور رائل سعودی نیول فورسز کے ساتھ دو طرفہ بحری مشق میں حصہ لیا۔ انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق، پی این ایس یمامہ نے رومانیہ سے وطن واپسی کے دوران سعودی عرب کا دورہ کیا۔ جدہ بندرگاہ پر جہاز کی آمد پر رائل سعودی نیول فورسز اور پاکستانی سفارتی حکام نے پرتپاک استقبال کیا۔

اپنے دورے کے دوران پی این ایس یمامہ کے کمانڈنگ افسر نے سعودی قیادت سے اہم ملاقاتیں کیں، جن میں دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور بحری شعبے میں تعاون کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پاک بحریہ اور سعودی نیول فورسز کے جہازوں نے مشترکہ مشق میں حصہ لیا، جس کا مقصد آپریشنل مہارت میں اضافہ اور باہمی تعاون کو مزید مستحکم کرنا تھا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق، اس مشق کا مقصد دونوں بحری افواج کی مشترکہ آپریشنز انجام دینے کی صلاحیت کو بہتر بنانا تھا۔ اس موقع پر دونوں ممالک کی بحری افواج نے میری ٹائم سیکیورٹی اور خطے میں استحکام یقینی بنانے کے عزم کا اظہار بھی کیا۔

پاکستان بحریہ کے ترجمان کے مطابق، پی این ایس یمامہ کے اس دورے سے پاک سعودی تعلقات کو مزید تقویت ملے گی اور دفاعی تعاون میں مزید بہتری آئے گی۔ اس طرح کے مشترکہ مشقیں نہ صرف دونوں ممالک کی بحری صلاحیتوں کو مضبوط بناتی ہیں بلکہ خطے میں سیکیورٹی اور استحکام کے لیے بھی معاون ثابت ہوتی ہیں۔

مزید پڑھیے

اہم ترین

ایڈیٹر کا انتخاب