بدھ, فروری 12, 2025

وزیر اعلیٰ سے شکایت ہو تو براہِ راست مجھ سے بات کریں: بلاول بھٹو 

چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اگر کسی کو وزیر اعلیٰ یا صوبائی وزراء سے کوئی شکایت ہے تو براہ راست مجھ سے رابطہ کریں، کسی اور سے بات کرنے کی ضرورت نہیں۔

کراچی میں تاجر برادری کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ ان کا ہر شعبے سے رابطہ رہتا ہے، جس کا مقصد عوام اور تاجروں کے مسائل سننا اور ان کے حل کے لیے اقدامات کرنا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یہ ملاقات بہت پہلے ہو جانی چاہیے تھی تاکہ مسائل کا حل نکالا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ میں توانائی کے وسائل کا سب سے زیادہ پوٹینشل موجود ہے، لیکن وفاقی حکومت کے فیصلے اکثر مشاورت کے بغیر کیے جاتے ہیں، جن کے نتائج سندھ کو بھگتنے پڑتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ تھر کول سے پیدا ہونے والی بجلی سب سے پہلے فیصل آباد کو فراہم کی گئی اور گیس کے مسائل پر بھی کام جاری ہے۔

بلاول بھٹو نے بجلی کی لوڈشیڈنگ کے حوالے سے وفاق پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد میں حکام دعویٰ کرتے ہیں کہ لوڈشیڈنگ ختم ہو گئی ہے، لیکن حقیقت یہ ہے کہ کئی شہروں میں 12 سے 14 گھنٹے تک لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ نے بجلی کے حوالے سے خود انتظامات کیے ہیں اور صوبہ اپنی بجلی پیدا کرنے کے ساتھ تقسیم بھی کر سکے گا۔

انہوں نے تاجروں کو یقین دہانی کرائی کہ سندھ حکومت وفاقی حکومت سے ان کے مسائل پر بات کرے گی، اور اگر ان کی بات نہیں سنی جاتی تو عدالت سے رجوع کیا جائے گا۔ بلاول نے کہا کہ پانی کے مسائل پر بھی توجہ دی جا رہی ہے اور کراچی کی ضروریات کو پورا کرنا بڑا چیلنج ہے۔

آخر میں بلاول بھٹو نے تاجروں کے مسائل کے حل کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ حکومت سندھ ان کے ساتھ مل کر تمام آئینی حقوق کے تحفظ کے لیے کام کرے گی۔

مزید پڑھیے

اہم ترین

ایڈیٹر کا انتخاب