اسلام آباد: چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر خان نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ فیک نیوز کے بہانے شہری آزادیوں کو محدود کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے انکشاف کیا کہ اینکرز کے ایک وفد نے ان سے ملاقات کی اور پیکا قوانین پر گہرے خدشات کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ اسمبلی میں بلز چند منٹوں میں بغیر کسی مناسب بحث کے پاس کر لیے جاتے ہیں، اور یہ قوانین آزادی اظہار پر قدغن لگانے کے لیے استعمال کیے جا رہے ہیں۔ بیرسٹر گوہر نے خبردار کیا کہ فیک نیوز کی آڑ میں جس کو چاہا جائے نشانہ بنایا جا رہا ہے، اور یہ طرزِ عمل جمہوری اقدار کے لیے نقصان دہ ہے۔
چیئرمین تحریک انصاف نے مزید کہا کہ میڈیا ریاست کا چوتھا ستون ہے اور اس پر کسی قسم کی پابندی جمہوری نظام کو کمزور کرے گی۔ انہوں نے الزام لگایا کہ حکومت جلد بازی میں ایسے قوانین نافذ کر رہی ہے جو عوام کے لیے مزید مشکلات پیدا کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر یہ بل منظور ہوا تو اسے عدلیہ میں چیلنج کیا جائے گا۔
بیرسٹر گوہر نے خیبر پختونخوا ہاؤس میں ہونے والے اجلاس کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس میں 20 سے زائد سیاسی جماعتوں نے شرکت کی۔ اس اجلاس کا مقصد دہشت گردی کے مسئلے کا حل تلاش کرنا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت نے تمام سیاسی جماعتوں اور علماء کو دعوت دی تاکہ مشترکہ طور پر اس بحران سے نمٹنے کی حکمت عملی بنائی جا سکے۔
انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ جلد بازی میں قوانین پاس کرنے کے بجائے مشاورت کا راستہ اپنایا جائے تاکہ شہریوں کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔