بدھ, فروری 12, 2025

چاہت فتح علی خان کی حرکت پر میں خوف زدہ تھی: متھیرا

ماڈل اور ٹی وی میزبان متھیرا نے انٹرنیٹ کی مشہور شخصیت، چاہت فتح علی خان کے نامناسب رویے پر اپنی تشویش کا اظہار کیا ہے۔ متھیرا نے اپنے شو کے دوران اس واقعے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ چاہت فتح علی خان ہمارے شو پر مہمان بن کر آئے تھے اور ہم ہمیشہ اپنے مہمانوں کا احترام کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ کسی سے گلے ملنے کی عادی نہیں ہیں اور نہ ہی وہ اپنے شو پر ایسا کرتی ہیں۔

متھیرا نے وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ جب شو کے دوران کیمرے ویڈیوز اور تصاویر بنا رہے تھے، تو چاہت فتح علی خان نے بغیر اجازت کے گلے ملنے کی کوشش کی اور ویڈیو پیچھے سے بنوائی، جو کہ ایک غیر معمولی عمل تھا۔ متھیرا نے مزید کہا کہ چونکہ وہ ایک عورت ہیں، اس حرکت سے انہیں بے آرامی اور غیر محفوظ محسوس ہوا۔

متھیرا نے اس بات پر بھی افسوس کا اظہار کیا کہ چاہت فتح علی خان نے وہ ویڈیو اپنی مرضی سے سوشل میڈیا پر پوسٹ کر دی، حالانکہ انہوں نے اس ویڈیو کو ہٹانے کی درخواست کی تھی، لیکن وہ ویڈیو ابھی تک ہٹائی نہیں گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر ہونے والی تنقید کے باوجود چاہت فتح علی خان نے ابھی تک معذرت نہیں کی، جو کہ ان کے لیے افسوس کا باعث ہے۔ متھیرا نے مزید کہا کہ جب کوئی شخص کسی کی نرمی کا فائدہ اٹھائے، تو اسے سخت رویہ اختیار کرنا پڑتا ہے، تاکہ وہ دوبارہ ایسا نہ کرے۔

یاد رہے کہ چاہت فتح علی خان نے حال ہی میں متھیرا کے شو میں شرکت کی تھی، جس دوران انہوں نے نامناسب انداز میں تصاویر بنوائیں اور متھیرا کے ساتھ زبردستی مصافحہ کیا، جس پر سوشل میڈیا صارفین نے سخت ردِ عمل ظاہر کیا تھا۔

مزید پڑھیے

اہم ترین

ایڈیٹر کا انتخاب