ہالی ووڈ کی مشہور اداکارہ جینیفر اینسٹن نے سابق امریکی صدر بارک اوباما کے ساتھ رومانوی تعلقات کی افواہوں کو یکسر مسترد کر دیا ہے۔
گزشتہ کئی ہفتوں سے سوشل میڈیا پر افواہیں گردش کر رہی تھیں کہ جینیفر اینسٹن اور بارک اوباما کے درمیان رومانوی تعلقات ہیں۔ یہ قیاس آرائیاں اس وقت شدت اختیار کر گئیں جب صحافی میگین کیلی نے ایک بیان میں اوباما کی ممکنہ طلاق کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اگر یہ خبر درست ہوئی تو یہ سیاسی منظرنامے میں بڑا دھچکا ہوگا۔
بعد ازاں، غیر تصدیق شدہ ذرائع سے جینیفر اینسٹن کے کسی قریبی دوست کے حوالے سے ایک بیان سوشل میڈیا پر وائرل ہوا جس میں مبینہ طور پر اداکارہ کے اوباما کے ساتھ تعلقات کا اعتراف کرنے کا دعویٰ کیا گیا۔
اب ان تمام افواہوں کے جواب میں جینیفر اینسٹن کے چند ماہ قبل دیے گئے انٹرویو کی ایک ویڈیو منظر عام پر آئی ہے، جس میں انہوں نے واضح الفاظ میں کہا کہ “بارک اوباما کے ساتھ میرے کسی بھی قسم کے رومانوی تعلقات کی باتوں میں کوئی صداقت نہیں، اور یہی حقیقت ہے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ ان کی بارک اوباما سے صرف ایک بار ملاقات ہوئی ہے، جبکہ وہ ان کی اہلیہ مشیل اوباما کو زیادہ بہتر جانتی ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق جینیفر اینسٹن کے ترجمان نے بھی ان افواہوں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ جینیفر اور اوباما کے درمیان کوئی ذاتی دوستی نہیں ہے۔ تاہم، اینسٹن اوباما کی شخصیت اور سیاسی خدمات کی معترف ہیں اور ماضی میں ان کی سیاسی مہم کی حمایت کر چکی ہیں۔
اس بیان کے بعد جینیفر اینسٹن نے ان قیاس آرائیوں پر مکمل طور پر خاموشی اختیار کر لی ہے، اور ان کے چاہنے والے بھی اس بات کو افواہ قرار دے رہے ہیں۔