بدھ, فروری 12, 2025

کوئٹہ: جبل نور القرآن سے قرآن کے قدیم نسخے اور اوراق کی چوری

کوئٹہ کے علاقے جبل نور القرآن میں قرآن پاک کے قدیم نسخوں اور اوراق کی چوری کا افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے۔ نامعلوم چوروں نے تقریباً 150 قرآن پاک کے نسخے اور قدیم اوراق چوری کر لیے، جنہیں شیشے توڑ کر نکالا گیا۔ یہ واقعہ کوہ چلتن کے مغربی علاقے میں واقع جبل نور القرآن کی سرنگ میں پیش آیا، جہاں قرآنی نسخے محفوظ کیے گئے تھے۔

جبل نور القرآن کے انچارج، اجمل خان نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ چوروں نے سرنگ کے اندر رکھی گئی قدیم قرآنی نسخوں کی شیشے توڑ کر چوری کی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ان نسخوں کو خاص طور پر ایک محفوظ مقام پر رکھا گیا تھا، جہاں لاکھوں کی تعداد میں قرآن کے اوراق موجود ہیں۔ اجمل خان کے مطابق، اس وقت وہاں موجود قرآن کے نسخوں کو چوروں نے بڑی ہوشیاری سے نشانہ بنایا اور انہیں لے گئے۔

واقعہ کے فوری بعد، بروری تھانے میں نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے، لیکن ابھی تک کسی کی گرفتاری نہیں ہو سکی۔ پولیس نے تفتیش شروع کر دی ہے اور تحقیقات جاری ہیں۔

جبل نور القرآن، جو 1992 میں تعمیر کیا گیا تھا، ایک تاریخی اور مذہبی مقام ہے، جہاں قرآن پاک کے قدیم نسخے اور اوراق محفوظ کیے جاتے ہیں۔ پہاڑ کو تراش کر بنائی گئی سرنگ میں قرآن کے یہ قدیم نسخے اور اوراق کئی سالوں سے رکھے ہوئے تھے۔ اس واقعہ نے مقامی کمیونٹی میں شدید غم و غصے کی لہر دوڑا دی ہے، اور لوگ اس بات پر افسوس کا اظہار کر رہے ہیں کہ ایک مقدس مقام سے ایسی چوری ہوئی۔

مزید پڑھیے

اہم ترین

ایڈیٹر کا انتخاب