بدھ, فروری 12, 2025

اگر 9 مئی کے معاملے پر صرف ظلم کرنا ہے تو پھر مذاکرات کا مقصد کیا ہے؟ عارف علوی

سابق صدر عارف علوی نے کہا ہے کہ اگر 9 مئی کے معاملے پر ظلم ہی کرنا ہے تو مذاکرات کا کوئی فائدہ نہیں۔ کراچی میں سندھ ہائیکورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے ملک کے سیاسی اور معاشی حالات پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مسائل کو حل کرنے کے لیے ہمیں اپنے طور پر اقدامات اٹھانے ہوں گے۔

عارف علوی نے کہا کہ پاکستان ایک انتہائی اہم ملک ہے اور تبدیلی کا راستہ صرف جمہوریت سے ہوکر گزرتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت کسی بھی شعبے میں بہتری لانے میں ناکام رہی ہے، جبکہ مشرق وسطیٰ سے سرمایہ کاری کے جو خواب دکھائے گئے تھے وہ بھی حقیقت کا روپ نہیں لے سکے۔

تحریک انصاف کے رہنما نے معاشی حالات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں غربت مزید بڑھ رہی ہے اور ڈھائی کروڑ سے زائد بچے اسکولوں سے باہر ہیں۔ انہوں نے رجیم چینج کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اس عمل کی وجہ سے ملک کو 50 ارب روپے کا نقصان پہنچا۔

سابق صدر نے مزید کہا کہ پاکستان کی جی ڈی پی گروتھ 6 فیصد سے کم ہو کر 3 فیصد سے بھی نیچے آگئی ہے، جو معیشت کی سنگین صورتحال کو ظاہر کرتی ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ موجودہ حکومت کے پاس انتظامی معاملات میں خودمختاری تک موجود نہیں۔

عارف علوی نے زور دیا کہ مسائل کے حل کے لیے سیاسی استحکام اور جامع اصلاحات ضروری ہیں تاکہ پاکستان کو دوبارہ ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکے۔

مزید پڑھیے

اہم ترین

ایڈیٹر کا انتخاب