امریکا کے نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ آج دوسری غیر متواتر مدت کے لیے حلف اٹھانے جا رہے ہیں۔ یہ تقریبِ حلف برداری امریکی دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی میں منعقد ہوگی، جہاں سابق صدور، منتخب عہدیدار، اور صدر ٹرمپ کے اہلِ خانہ موجود ہوں گے۔ تقریب کے دوران سپریم کورٹ کے چیف جسٹس جان رابرٹس صدر سے حلف لیں گے۔ چیف جسٹس جان رابرٹس، جنہیں 2005ء میں صدر جارج ڈبلیو بش نے سپریم کورٹ کا چیف جسٹس مقرر کیا تھا، متعدد صدور سے حلف لینے کا تجربہ رکھتے ہیں۔
امریکی آئین کے تحت صدارتی حلف کے الفاظ 35 الفاظ پر مشتمل ہیں، جنہیں ہر صدر عہدہ سنبھالتے وقت ادا کرتا ہے۔ صدارتی حلف کچھ یوں ہے:
“میں سنجیدگی سے حلف اٹھاتا ہوں (یا اقرار کرتا ہوں) کہ میں ریاستہائے متحدہ امریکا کے صدر کے دفتر کی ذمہ داریاں وفاداری کے ساتھ نبھاؤں گا اور اپنی بہترین صلاحیت کے مطابق امریکا کے آئین کو محفوظ، اس کا تحفظ اور دفاع کروں گا۔”
زیادہ تر صدور اختتام پر یہ الفاظ بھی شامل کرتے ہیں: “خدا میری مدد کرے۔”
امریکا کی تاریخ میں ایک منفرد پہلو یہ ہے کہ ملک کے دو اعلیٰ ترین عہدے، صدر اور سپریم کورٹ کے چیف جسٹس، ایک ہی شخصیت نے سنبھالے۔ ولیم ہاورڈ ٹافٹ وہ واحد شخصیت ہیں جنہوں نے 1909ء سے 1913ء تک امریکا کے 27ویں صدر کی حیثیت سے خدمات انجام دیں اور بعدازاں 1921ء سے 1930ء تک سپریم کورٹ کے دسویں چیف جسٹس کے طور پر فرائض سرانجام دیے۔ یہ منفرد اعزاز انہیں امریکی تاریخ میں ایک خاص مقام دیتا ہے۔
یہ تقریب امریکی آئینی روایت کی عکاس ہے اور دنیا بھر کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔