واشنگٹن ڈی سی میں شدید سرد موسم کے باعث امریکہ کے نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تقریب حلف برداری کو اِن ڈور منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق، واشنگٹن میں درجہ حرارت منفی 11 ڈگری سینٹی گریڈ تک گرنے کا امکان ہے، جس کی وجہ سے 40 سال بعد امریکی صدر کی حلف برداری کی تقریب کا انعقاد عمارت کے اندر کیا جائے گا۔
اس تقریب کا انعقاد کیپٹل ہل کی عمارت کے روٹنڈا ہال میں ہوگا، جہاں ڈونلڈ ٹرمپ اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔ یاد رہے کہ 1985 میں صدر رونالڈ ریگن کی دوسری مدت کی حلف برداری بھی اِن ڈور ہوئی تھی، کیونکہ موسم کی شدت کی وجہ سے یہ فیصلہ کیا گیا تھا۔
اس تبدیلی کی وجہ سے دو لاکھ 20 ہزار ٹکٹ ہولڈرز کی اکثریت حلف برداری کی تقریب براہ راست دیکھنے کے قابل نہیں ہوگی۔ تاہم، ٹرمپ نے اپنے حامیوں کو خوشخبری دی کہ وہ کیپٹل ون ایرینا میں اسکرین پر حلف برداری کی تقریب دیکھ سکتے ہیں۔ ٹرمپ نے کہا کہ وہ حلف برداری کے بعد کیپٹل ون ایرینا میں موجود شرکاء سے ملیں گے۔
حلف برداری کی تقریب سے پہلے کیپٹل ون ایرینا میں ٹرمپ کی جیت کی خوشی میں ایک ریلی نکالی گئی، جس میں حامیوں نے بھرپور جوش و خروش کا مظاہرہ کیا۔ اس تبدیل شدہ مقام پر حلف برداری کی تقریب کا انعقاد امریکی سیاست میں ایک نیا باب رقم کرنے جا رہا ہے، جو سرد موسم کے باوجود کامیابی کے ساتھ منعقد ہوگی۔