منگل, فروری 11, 2025

سعودی عرب کی غزہ میں جنگ بندی معاہدے کی حمایت اور اسرائیلی جارحیت کے خاتمے کا مطالبہ

سعودی عرب نے غزہ میں جنگ بندی کے معاہدے کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسرائیلی جارحیت کو فوری طور پر روکنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ سعودی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اسرائیلی قابض افواج کو غزہ اور تمام فلسطینی علاقوں سے مکمل انخلا کرنا چاہیے۔ مزید برآں، سعودی عرب نے بے گھر فلسطینیوں کی ان کے علاقوں میں واپسی کا مطالبہ کیا ہے تاکہ متاثرہ افراد دوبارہ اپنے گھروں میں سکونت اختیار کر سکیں۔

واضح رہے کہ اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی کے اعلان کے باوجود اسرائیلی طیارے اور فورسز حملوں میں شدت لاتی دکھائی دے رہی ہیں۔ جمعرات کے روز غزہ میں مزید 81 فلسطینی شہید ہوئے، جن میں 21 بچے اور 25 خواتین شامل تھیں۔ فلسطینی وزارت صحت کے اعداد و شمار کے مطابق، 7 اکتوبر 2023ء سے جاری اسرائیلی حملوں کے دوران 46,788 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، جبکہ 1,10,453 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

جنگ بندی کا اطلاق اتوار سے ہوگا، تاہم فلسطینی عوام اس کے مؤثر ہونے کے حوالے سے خدشات کا شکار ہیں کیونکہ اسرائیلی حملے اب بھی جاری ہیں۔ انسانی حقوق کی تنظیموں نے بھی فلسطینی عوام کے تحفظ اور فوری امداد کی فراہمی پر زور دیا ہے۔

سعودی عرب سمیت دیگر ممالک نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فلسطینی عوام کے حقوق کی بحالی اور خطے میں دیرپا امن کے قیام کے لیے اقدامات کریں۔

مزید پڑھیے

اہم ترین

ایڈیٹر کا انتخاب