منگل, فروری 11, 2025

15 ماہ کی جنگ اور غزہ پر 85 ہزار ٹن بارود کا استعمال

15 ماہ اور ایک ہفتے تک جاری رہنے والی جنگ میں غزہ پر 85 ہزار ٹن بارود برسایا گیا، جس کے نتیجے میں خطے کو شدید تباہی کا سامنا کرنا پڑا۔ اسرائیلی فوج کی کارروائیوں کے دوران 47 ہزار فلسطینیوں کی جانیں گئیں اور ایک لاکھ پندرہ ہزار سے زائد افراد زخمی ہوئے۔

رپورٹس کے مطابق، تباہ شدہ شہروں کی عمارتوں اور گھروں کے ملبے سے ہزاروں لاپتہ فلسطینیوں کی لاشیں ملنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ملبہ ہٹانے میں دس سال سے زائد کا وقت درکار ہوگا، جبکہ نقل مکانی پر مجبور کیے گئے بیس لاکھ فلسطینی اپنے اجڑے گھروں کو لوٹنے کے منتظر ہیں۔

حماس نے اس جنگ بندی معاہدے کو فلسطینی عوام کی بے مثال قربانیوں کا ثمر قرار دیا ہے۔ حماس کے ایک اعلیٰ رہنما نے کہا کہ یہ معاہدہ غزہ میں 15 ماہ سے جاری دلیرانہ مزاحمت کا نتیجہ ہے۔ ان کے مطابق یہ کامیابی فلسطینی عوام، مزاحمت، امت مسلمہ، اور آزاد دنیا کے لیے ایک اہم پیش رفت ہے۔

حماس نے غزہ کے ساتھ یکجہتی کرنے والوں کا شکریہ ادا کیا اور ثالثی میں اہم کردار ادا کرنے والے قطر اور مصر کا بھی اظہارِ تشکر کیا۔

فلسطینی وزیراعظم محمد مصطفیٰ نے کہا کہ معاہدے کے بعد حماس کے زیرِ اثر غزہ پٹی کا کنٹرول فلسطینی اتھارٹی کو ملنا چاہیے تاکہ علاقے کی بحالی اور انتظامات بہتر طریقے سے ممکن ہو سکیں۔

مزید پڑھیے

اہم ترین

ایڈیٹر کا انتخاب