ترجمان پاک فوج نے بھارتی آرمی چیف کے بیان پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو دہشتگردی کا مرکز قرار دینا حقائق کے منافی ہے۔
آئی ایس پی آر نے بیان میں کہا کہ بھارتی آرمی چیف کا مؤقف بھارت کے پٹے ہوئے بیانیے کو زندہ کرنے کی ناکام کوشش ہے۔ انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں پر ظلم کی نگرانی کی، اور ان کے ریمارکس بھارتی بربریت سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہیں۔
ترجمان نے مزید کہا کہ یہ بیانات بھارت کے اندر اقلیتوں پر ظلم اور بین الاقوامی دباؤ سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہیں۔ پاکستان ایسے بے بنیاد الزامات کو سختی سے مسترد کرتا ہے۔
دفتر خارجہ نے بھی بھارتی وزیر دفاع اور آرمی چیف کے دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر ایک متنازع علاقہ ہے جس کی حیثیت کا تعین اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہونا ہے۔ بھارتی قیادت کے بیانات انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہیں۔
ترجمان نے مزید کہا کہ ایسے اشتعال انگیز بیانات علاقائی امن و استحکام کے لیے نقصان دہ ہیں۔ بھارت کو چاہیے کہ وہ دوسروں پر الزامات لگانے کے بجائے اپنے معاملات پر غور کرے اور دہشتگردی میں اپنے ملوث ہونے کی حقیقت کو تسلیم کرے۔