بدھ, فروری 12, 2025

لاس اینجلس: فلسطینیوں کی نسل کشی کی حمایت کرنے والے اداکار کا گھر آتشزدگی کا شکار، ٹی وی پر جذباتی ہو کر روپڑے

امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر لاس اینجلس کے جنگلات میں بھڑکنے والی خوفناک آگ نے شمالی علاقوں میں تباہی مچادی۔ تیز ہواؤں کے باعث تیزی سے پھیلنے والی آگ نے مشہور علاقے پیسیفک پیلیسیڈز میں متعدد مہنگے گھروں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، جن میں دو مرتبہ آسکر کے لیے نامزد ہونے والے اور تین بار ایمی ایوارڈز جیتنے والے اداکار جیمز ووڈ کا گھر بھی شامل ہے۔

جیمز ووڈ، جنہوں نے اس افسوسناک واقعے کے بعد امریکی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے اپنے جذبات پر قابو نہ رکھا اور رو پڑے، ان کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔ تاہم، صارفین کی جانب سے انہیں اپنی زندگی کے اس مشکل وقت میں کسی ہمدردی کا سامنا نہیں ہوا۔

سوشل میڈیا صارفین نے جیمز ووڈ کی اسرائیل کی حمایت میں دی گئی سابقہ بیانات اور فلسطینیوں کی نسل کشی کی حمایت کو یاد دلایا۔ کئی افراد نے ان کے ساتھ سخت رویہ اپنایا، جن میں سابق پاکستانی اداکارہ انعم فیاض بھی شامل تھیں۔ انہوں نے انسٹاگرام پر جیمز ووڈ کی اسرائیل کی حمایت میں دی گئی پوسٹ کا اسکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے قرآن کی آیت “وَمَكَرُوا وَمَكَرَ اللَّهُ ۖ وَاللَّهُ خَيْرُ الْمَاكِرِينَ” کا حوالہ دیا، جس کا مطلب ہے کہ “کافروں نے تدبیر کی، لیکن اللہ بہترین تدبیر کرنے والا ہے۔”

واضح رہے کہ اس بے قابو آگ نے پیسیفک پیلیسیڈز میں ایک ہزار سے زائد گھروں اور کاروباری مراکز کو راکھ کا ڈھیر بنا دیا، جبکہ نقصانات کا تخمینہ 50 ارب ڈالرز سے تجاوز کر چکا ہے۔ رہائشی افراد اپنے گھروں کو چھوڑنے پر مجبور ہوگئے ہیں اور بے یقینی کے عالم میں اپنے مستقبل کے منتظر ہیں۔ فائر فائٹرز پانی کی قلت اور دیگر مشکلات کے باوجود آگ پر قابو پانے کی بھرپور کوشش کر رہے ہیں۔

مزید پڑھیے

اہم ترین

ایڈیٹر کا انتخاب