بدھ, فروری 12, 2025

میں ٹرمپ کو دو ریاستیں، الاسکا اور مینیسوٹا، خریدنے کی پیشکش کرتا ہوں: ڈگ فورڈ

کینیڈا کے سب سے بڑے صوبے اونٹاریو کے پریمیئر ڈگ فورڈ نے امریکی نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے کینیڈا کو 51 ویں امریکی ریاست بنانے کے بار بار کے بیانات پر دلچسپ ردعمل دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ٹرمپ کو امریکا کی دو ریاستیں، الاسکا اور مینیسوٹا، خریدنے کی پیش کش کرتے ہیں۔ تاہم، فورڈ نے وضاحت کی کہ یہ صرف ایک مذاق تھا اور انہوں نے یہ بیان ہلکے پھلکے انداز میں دیا۔

میڈیا سے گفتگو کے دوران، ڈگ فورڈ نے کہا کہ انہیں معلوم ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کو اس طرح کے تبصرے پسند ہیں، لیکن ان کے نزدیک یہ ایک سنجیدہ معاملہ ہے۔ انہوں نے کہا، “میرے ہوتے ہوئے کینیڈا کبھی امریکا کی ریاست نہیں بنے گا۔”

فورڈ نے مزید کہا کہ اگر ڈونلڈ ٹرمپ نے کینیڈا پر ٹیکس عائد کیے تو اونٹاریو کو سرحد کے جنوب میں اپنے امریکی دوستوں کے خلاف سخت اقدامات کرنے پڑیں گے، جو کہ ایک افسوسناک صورتحال ہوگی۔

اونٹاریو کے پریمیئر نے یہ بھی بتایا کہ صوبائی حکومت نے کینیڈا-امریکا سرحد پر غیر قانونی تارکین وطن، منشیات، اور اسلحے کی اسمگلنگ روکنے کے لیے حفاظتی اقدامات مزید سخت کر دیے ہیں۔ اس سلسلے میں دیگر صوبوں کے رہنماؤں سے ملاقاتیں بھی جاری ہیں۔

بعد ازاں، ڈگ فورڈ نے سوشل میڈیا پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ کینیڈا اور امریکا دنیا کے سب سے امیر، محفوظ اور خوشحال ممالک بنیں۔ انہوں نے کہا، “کینیڈا کے پاس معدنی وسائل، تیل اور جوہری توانائی کی صورت میں بڑی صلاحیتیں موجود ہیں۔ آئیے، دونوں ممالک مل کر کام کریں۔”

مزید پڑھیے

اہم ترین

ایڈیٹر کا انتخاب