اقوام متحدہ نے لبنان میں جنگ سے متاثرہ افراد کی مدد کے لیے مزید امداد کی اپیل کرتے ہوئے اضافی 370 ملین ڈالرز فراہم کرنے کی درخواست کی ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق، اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ یہ اضافی فنڈز ایک ملین سے زائد لبنانی باشندوں کی مدد کے لیے استعمال کیے جائیں گے، جنہیں جنگ کے بعد تعمیر نو اور دیگر مسائل کا سامنا ہے۔
اقوام متحدہ کے مطابق، اکتوبر 2024 میں 426 ملین ڈالرز کی امداد کی اپیل کی گئی تھی، جس میں سے اب تک 250 ملین ڈالرز جمع کیے جا چکے ہیں۔ اقوام متحدہ کے کوآرڈینیٹر عمران رضا نے کہا ہے کہ جنگ بندی کے بعد سے اب تک 8 لاکھ لبنانی اپنے گھروں کو واپس جا چکے ہیں، تاہم اب بھی ایک لاکھ 25 ہزار افراد بے گھر ہیں۔
عمران رضا نے مزید کہا کہ لبنان میں جنگ کے نتیجے میں لاکھوں افراد کو تعمیر نو اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے فوری امداد کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ متاثرہ علاقوں میں زندگی کی بحالی ایک بڑا چیلنج ہے، اور اس سلسلے میں عالمی برادری کی جانب سے مزید تعاون درکار ہے۔
واضح رہے کہ اسرائیل اور لبنان کے درمیان 27 نومبر 2024 کو جنگ بندی کا معاہدہ ہوا تھا، لیکن سیز فائر کے باوجود کئی علاقوں میں بنیادی ڈھانچے کی بحالی اور لوگوں کی زندگیوں کو معمول پر لانے کے لیے ابھی بہت کام باقی ہے۔ اقوام متحدہ نے عالمی برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ لبنان کے عوام کو اس مشکل وقت میں ضروری مدد فراہم کریں۔