کینیڈا کے وزیرِاعظم جسٹن ٹروڈو کی استعفے کے اعلان کے موقع پر ایک دلچسپ واقعہ پیش آیا جب ان کی تقریر کے صفحات ہوا میں اُڑ گئے۔ غیر ملکی ذرائع کے مطابق، جسٹن ٹروڈو کے سیاسی کیریئر کی یہ اہم تقریر لاکھوں افراد کی نظر میں تھی، لیکن جیسے ہی وہ تقریر کے لیے پوڈیم پر پہنچے، ان کی تقریر کے کچھ صفحات ہوا کے دوش پر اُڑ گئے۔ اس غیر متوقع منظر پر جسٹن ٹروڈو نے مسکرا کر اپنی پریشانی کا اظہار کیا، جس نے حاضرین کو ہنسا دیا۔
سوشل میڈیا پر اس ویڈیو کی بھرپور پذیرائی ہوئی اور لوگوں نے اس پر مختلف دلچسپ تبصرے کیے۔ اس ویڈیو کو دیکھ کر یہ واقعہ فوری طور پر وائرل ہو گیا، اور لوگوں نے وزیرِاعظم کی اس صورتحال کو مزاحیہ انداز میں شیئر کیا۔
یاد رہے کہ جسٹن ٹروڈو نے حال ہی میں یہ اعلان کیا تھا کہ وہ کینیڈا کی حکمران جماعت لبرل پارٹی کے نئے سربراہ کے منتخب ہونے کے بعد اپنا عہدہ چھوڑ دیں گے۔ اس دوران، وہ بطور پارٹی سربراہ اور وزیرِاعظم اپنے موجودہ عہدے پر کام کرتے رہیں گے۔
ٹروڈو، جو 2015 میں وزارتِ عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد مسلسل دو انتخابات میں کامیاب ہوئے ہیں، نے اس بات کا بھی ذکر کیا کہ جب تک ان کے متبادل کا انتخاب نہیں ہو جاتا، وہ اپنے عہدے کی ذمہ داریاں جاری رکھیں گے۔ اس اعلان کے بعد ان کے استعفے کے حوالے سے قیاس آرائیاں شروع ہو گئی ہیں، لیکن انہوں نے واضح کیا ہے کہ وہ پارٹی کی قیادت کے نئے انتخاب تک اپنے کام کو جاری رکھیں گے۔