پیر, فروری 10, 2025

چیمپئنز ٹرافی کے لیے بھارت کا پاکستان نہ آنا ایک افسوسناک فیصلہ ہے: شین واٹسن

آسٹریلوی سابق آل راونڈر شین واٹسن نے بھارت کے پاکستان کا دورہ نہ کرنے پر افسوس کا اظہار کیا ہے، خصوصاً چیمپئنز ٹرافی کے لیے۔ شین واٹسن نے یہ بات آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے سڈنی ٹور کے دوران کہی، جہاں ان کا کہنا تھا کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان کرکٹ میچز ہر کسی کے لیے ایک خاص لمحہ ہوتے ہیں اور ان میچز کا سامنا کرنا ایک منفرد تجربہ ہوتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کوئی بھی کرکٹ فین پاکستان اور بھارت کے میچ کو مس نہیں کرنا چاہتا، کیونکہ یہ دونوں ٹیمیں ہمیشہ ایک دوسرے کے لیے بڑی حریف ہیں، جیسا کہ انگلینڈ آسٹریلیا کے لیے بڑا حریف ہوتا ہے۔ شین واٹسن کا کہنا تھا کہ چیمپئنز ٹرافی کا پاکستان میں انعقاد نہ صرف پاکستان کی کرکٹ کی تاریخ کے لیے اہم ہے بلکہ اس سے وہاں کے فینز کے لیے ایک یادگار لمحہ بھی بنے گا۔

سابق آل راونڈر نے اپنے ذاتی تجربات کا بھی ذکر کیا، جب انہوں نے 2019ء میں پاکستان سپر لیگ کے دوران پاکستان میں کرکٹ کھیلا تھا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کرکٹ کے شائقین کی محبت اور جوش و جذبہ دیکھ کر انہیں خوشی ہوئی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی کرکٹ فینز اب تک دنیا کے بڑے کرکٹرز کو اپنے ملک میں براہ راست کھیلتے نہیں دیکھ سکے ہیں، اور چیمپئنز ٹرافی جیسے آئی سی سی ایونٹ کا پاکستان میں انعقاد ان فینز کے لیے بہت بڑا موقع ہوگا۔

شین واٹسن نے یہ بھی کہا کہ آئی سی سی ایونٹ کا پاکستان میں ہونا اس ملک کے لیے ایک سنگ میل ثابت ہوگا، کیونکہ پاکستانی کرکٹ فینز کے لیے یہ لمحہ اسپیشل ہوگا جب وہ اپنے ملک میں ورلڈ کلاس کرکٹرز کو میدان میں کھیلتے دیکھیں گے۔

مزید پڑھیے

اہم ترین

ایڈیٹر کا انتخاب